چمپینس ٹروفی میں ویسٹ انڈیز نہ ہوگا، بنگلہ دیش اور پاکستان کوالیفائی

انگلینڈ میں 2017ء کے باوقار ایونٹ کیلئے 30 ستمبر 2015ء کی قطعی تاریخ کے بعد آئی سی سی کی تازہ ونڈے رینکنگ میں پاکستان کا 8 واں مقام
دبئی ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ونڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کرتے ہوئے پاکستان کی 2017ء چمپینس ٹروفی میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 3-0 کی شکست کے بعد پاکستان عالمی درجہ بندی میں نویں پوزیشن پر پہنچ گیا تھا جس کے بعد پاکستان کی 2017ء کے باوقار آئی سی سی ایونٹ میں شرکت مشکوک ہو گئی تھی۔ پاکستان کا آئی سی سی رینکنگ میں سبقت کیلئے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے مقابلہ تھا، جہاں اسے 30 ستمبر 2015ء سے قبل آٹھویں درجے پر پہنچنا تھا۔ پاکستان نے پہلے زمبابوے اور پھر سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کر کے اس ایونٹ میں شرکت کے امکانات روشن کر لئے تھے۔ اظہر علی کی ونڈے ٹیم اس وقت آئی سی سی کی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے جبکہ اس سے دو پوائنٹس نیچے ویسٹ انڈیز پہلی مرتبہ اس ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگیا۔ آٹھ ملکی چمپینس ٹروفی یکم سے 18 جون 2017ء تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں ڈیفنڈنگ چمپئن ہندوستان، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

یہ 2006ء کے بعد پہلا موقع ہو گا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم چمپینس ٹروفی میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے 2006ء میں ہندوستان کی سرزمین پر منعقدہ ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کی تھی۔ 2017ء کے ایونٹ میں جملہ 15 میچ کھیلے جائیں گے جس کیلئے آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنلس کیلئے کوالیفائی کریں گی اور پھر سیمی فائنل کی فاتح دو ٹیمیں 18 جون کو ٹروفی کیلئے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔