چمپینس لیگ: لاہور لائنس کے ہاتھوں ممبئی انڈینس کو شکست

رائے پور ۔14ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) چمپینس لیگ کوالیفائنگ میں لاہور لائنس نے آئی پی ایل کی ہندوستانی ٹیم ممبئی انڈینز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ہندوستانی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں کھیلی جانے والی چیمپئنز لیگ کے کوالیفائینگ راؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم ممبئی انڈینز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کی ٹیم لاہور لائنز کو 136 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں لاہور لائنز نے مطلوبہ ہدف 18 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا۔ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر عمراکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، اکمل نے 18 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ احمد شہزاد نے 34، ناصر جمشید نے 26، کپتان محمد حفیظ نے 18 اور سعد نسیم نے 6 رنز اسکور کئے جب کہ آصف رضا 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بولنگ کے دوران اعزاز چیمہ اور وہاب ریاض نے 2، 2 جب کہ اصف رضا اور عمران علی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل کھیلتے ہوئے ممبئی انڈینز نے 135 رنز بنائے جس میں کپتان کیرون پولارڈ 6 رنز بنا کر عمران علی کا شکار بنے جب کہ ادتیا تارے 36 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عدنان رسول کو کیچ دے بیٹھے۔

اسی طرح مائیکل ہوسی بھی 28 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ ممبئی انڈینز کو شکست دینے کے بعد لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ نے بہترین بولنگ جب کہ عمراکمل نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں ممبئی انڈینزہندوستانی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا ایک بہت بڑا نام ہے لیکن لاہور لائنز کی فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کی۔ دوسری طرف ممبئی انڈینس کے کوچ جان رائیٹ نے کہا کہ سابقہ چمپین ٹیم اپنے کپتان روہت شرما کی غیرموجودگی میں ناقص شروعات کے سبب شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

روہت شرما زخموں کی وجہ سے نہیں کھیل رہے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 6 وکٹس سے شکست کے بعد ممبئی انڈینس کے کوچ جان رائیٹ نے پریس کانفرنس میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جی ہاں ہمیں روہت شرما کی کمی کا شدت سے احساس ہوا۔ ہمیں حقیقت میں اچھی شروعات کی ضرورت تھی۔ ہمیں اس شعبہ کو بہتر کرنا ہوگا، چونکہ ہم نے سست روی سے آغاز کیا تھا۔ ہمیں بورڈ پر زیادہ رنز بنانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور لائنس نے اچھا مظاہرہ کیا ہے اور ابتداء ہی سے اچھی بیٹنگ کی ہے۔ ہم شاید اسکور میں 20 رنز سے پیچھے رہ گئے۔ ایسے موقع پر ہمیں کسی ایسے کھلاڑی کی ضرورت تھی جو میچ میں بازی پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اس موقع پر انہوں نے عمر اکمل کی 18 گیندوں میں 8 رنز کی اننگز کی بھی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ (عمر اکمل) کھیل کے اس فارمیٹ کے خطرناک کھلاڑی ہیں اور ہمیں انہیں جلد آؤٹ کردینا چاہئے تھا۔