چمپئین شپ خطاب چینی حریف کے حوالہ کرنے وجیندر کی پیشکش

ہند ۔ چین سرحد پر امن اور دوستی کیلئے ہندوستانی باکسر کا خیرسگالی جذبہ
ممبئی ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی باکسر وجیندر نے غیر معمولی جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہند ۔ چین سرحد پر امن کے بدلے اپنے چیف حریف ڈولپیکار مائمتالی کو ڈبلیو بی او کا اورینٹل سوپر میڈل ویٹ چمپئین شپ خطاب دینے کی پیشکش کی ہے ۔ وجیندر نے جو پروباکسنگ میں ڈبل چمپئین ہیں ، ہند اور چین سے سرحد پر امن برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے ۔ 31 سالہ اولمپک برونز میڈلسٹ کل رات نہ صرف اپنے چینی حریف کو ڈبلیو بی او ایشیاء پیسیفک سوپر میڈل ویٹ اور ڈبلیو بی او اورینٹل سوپر میڈل ویٹ کے سخت مقابلے میں شکست دے کر فتح حاصل کی بلکہ امن کے لئے غیر معمولی خیرسگالی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا ہے ۔ وجیندر نے کہا کہ ’’میں اپنا خطاب ہند ۔ چین دوستی کیلئے معنون کرتا ہوں ۔ کیونکہ سرحد پر کشیدگی ٹھیک نہیں ہے ۔ میں یہ سب کچھ سوشیل میڈیا ، خبروں میں دیکھ رہا ہوں اس میں اضافہ ہی ہورہا ہے جو ٹھیک نہیں ہے ۔ میں اپنا چمپئین شپ خطاب عوام ، امن کیلئے معنون کرتا ہوں ۔ یہ سب کچھ دوستی ہند ۔ چین بھائی بھائی کے لئے ہے ‘‘ ۔ ہند اور چین کے درمیان پیدا شدہ تعطل کے پس منظر میں وجیندر نے یہ تبصرہ کیا ہے ۔