کراچی۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس ہفتے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں سری نواسن کو آئی سی سی کا نیا چیئرمین بنانے کی حمایت کرے گا۔اس طرح بظاہر پاکستان اور بی سی سی آئی میں دوریاں اور فاصلے کم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں‘تاہم پاکستان کرکٹ کو قریب سے دیکھنے والوں کے لئے یہ خبر شائد حیران کن نہ ہو کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپینس کرکٹ لیگ کے شیڈول کی وجہ سے آسٹریلیا کے ساتھ اپنی سیریز کے پروگرام میں ردوبدل کیا ہے۔اس سلسلے میں ہندوستان
اور آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ کئی آسٹریلیائی کھلاڑی چیمپینس لیگ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان کی چیمپئن ٹوئنٹی20 ٹیم لاہور لائینس میں محمد حفیظ،عمر اکمل ،کامران اکمل سمیت کئی کھلاڑیوں کو حصہ لینا ہے۔پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے مطابق لیگ8 تا30ستمبر تک ہوگی۔اس ٹورنمنٹ کے چار دن بعد تین اکتوبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ کھیلا جائیگا۔آسٹریلیا کی سیریزمیں ردو بدل کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز کا پروگرام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔اب نیوزی لینڈ کی سیریز کا پہلا میچ گیارہ نومبر کو کھیلا جائے گا۔دونوں سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوں گی۔