کراچی۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد پاکستان کی حمایت میں سامنے آگئے اور وسیم اکرم کے بیان کی تردید بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کیخلاف چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فتح اتفاق نہیں تھی۔ سابق کپتان وسیم اکرم کی جانب سے ٹیم پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مشتاق نے کہا کہ ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے چمپئنز ٹرافی ہی نہیں جیتی بلکہ انگلش حالات میں ٹسٹ سیریز کے دوران بھی عمدہ کارکردگی دکھائی جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک کے علاوہ ٹسٹ اور ونڈے میں بہتری کو اتفاق نہیں کہا جا سکتا۔ مشتاق احمد نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو حمایت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کرکٹرز اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے اور بہت جلد چمپئنز کی طرح واپسی کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کریں گے۔