چلی کے کوچ کھلاڑیوں کے مظاہرہ سے مطمئن

بیلو ہوریزنٹے 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چلی کے کوچ جور سمپاؤلی نے ورلڈ کپ سے اپنی ٹیم کے اخراج کے باوجود ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ان کی ٹیم کو برازیل کے خلاف پنالٹی شوٹ آوٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑآ تھا ۔ سمپاؤلی نے میچ کے بعد کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کیلئے فخر محسوس کرتے ہیں اور یہ چلی کے عوام کیلئے بھی خوشی کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر مغموم ہیں کہ میزبان ٹیم کے خلاف اس طرح کا مقابلہ کرنا اور پھر شوٹ آوٹ میں اس طرح شکست سے دو چار ہونا بہت مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ میں ہر ممکن جدوجہد کی ہے اور انہوں نے بہترین انداز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے ۔