چلتی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر خودکشی

حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) ریلوے پولیس سکندرآباد کے بموجب ایک نوجوان نے فلمی انداز میں چلتی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہیکہ 20 سالہ انجینئرنگ طالب علم ایم گاندھی نے سکندرآباد جیمس کٹ ریلوے اسٹیشن پر چلتی ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کے بعد ریلوے پلیٹ فام پر موجود افراد میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہیکہ گاندھی انجینئرنگ طالب علم تھا اور وہ ابراہیم پٹنم کے گرونانک انجینئرنگ کالج میں تعلیم حاصل کررہا تھا۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ خودکشی کے بعد طالب علم سے اس کا شناختی کارڈ دستیاب ہوا جس کے ذریعہ اس کی شناخت ممکن ہوئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانے بھیج دیا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں 26 سالہ جی رمیش متوطن کتہ پلی نے میڑچل ملکاجگری کے درمیان ریلوے پٹریوں پر چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اتفاقی طور پر ٹرین سے گر جانے کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ریلوے پولیس کے بموجب 40 سالہ جی سری سیلم گھٹکیسر تا بی بی نگر ٹرین میں سفر کررہا تھا اتفاقی طور پر ٹرین سے گرنے کے نتیجہ میں فوت ہوگیا۔

بالکنی سے گرکر خانگی ملازم ہلاک
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں بالکنی سے اتفاقی طور پر گرنے کے نتیجہ میں خانگی ملازم ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 50 سالہ ایم اے رزاق ساکن نیا قلعہ گولکنڈہ 25 ستمبر کو اپنے مکان کی پہلی منزل سے اتفاقی طور پر گرنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔