چلتی ٹرین سے گر کر مسافر ایک پاؤں سے محروم

بودھن۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ رات آٹھ بجے بودھن سے نظام آبادو اپس جانے والی ٹرین کے نیچے کے لکشمن نامی 48سالہ موضع ردرور کا متوطن شخص گر کر شدید زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ میں اس کے سیدھے پیر کے گھٹنے پر سے ٹرین گذر گئی ۔ تفصیلات کے بموجب بودھن کے گاندھی پارک ریلوے ہالٹ پر لکشمن چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش میں توازن کھو کر پٹری اور پلیٹ فارم کے درمیان پھسل کر گرگیا۔ پلیٹ فارم چونکہ کافی نیچے ہونے کی وجہ سے لکشمن کاجسم اوپری حصہ پلیٹ فارم پر ہی رہ گیا تھا۔ حادثہ کا علم ہونے پر ٹرین روک دی گئی اور بعد ازاں ایمبولنس کے ذریعہ زخمی شخص کو سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ ذرائع کے بموجب لکشمن نشہ میں ہونے کی وجہ سے اپنا توازن کھو دیا تھا ۔ عینی شاہدین کے بموجب پلیٹ فارم پر موجود بعض افراد نے لکشمن کی حالت دیکھ کر اس کو ٹرین نہ پکڑنے کی تاکید کررہے تھے لیکن اس نے کسی کی بھی بات نہیں مانی اور چلتی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش میں ایک پیر سے محروم ہوگیا۔ مقامی ٹکٹ دینے والے کلرک کے بموجب لکشمن بغیر ٹکٹ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔