چرن سنگھ کی یادگار بنانے اجیت سنگھ کا مطالبہ مسترد

نئی دہلی۔/19ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام)آر ایل ڈی سربراہ اجیت سنگھ نے آج حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ان کے آنجہانی والد و سابق وزیر اعظم چرن سنگھ کی یادگار قائم کرنے کا مطالبہ حکومت نے مسترد کرتے ہوئے انہیں شدید دکھ پہنچایا ہے۔ یاد رہے کہ اجیت سنگھ چاہتے ہیں کہ فی الحال وہ جس بنگلہ میں قیام پذیر ہیں اسے ان کے آنجہانی والد کی یادگار ( میوزیم ) میں تبدیل کردیا جائے۔ حکومت نے مطالبہ مسترد کرتے ہوئے انہیں ( اجیت سنگھ ) کو احتجاج پر مجبور کیا ہے۔ اجیت سنگھ نے اس معاملہ میں مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی بھی ایک یادگار موجود ہے اور صرف چھ ماہ قبل جس مقام پر آنجہانی جگجیون رام رہائش پذیر تھے اسے ان کی یادگار میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ بی ایس پی کے سینئر لیڈر آنجہانی کانشی رام کی بھی ایک یادگار قائم کی گئی ہے تو پھر چرن سنگھ کی یادگار قائم کرنے میں کیا قباحت ہے؟۔ وہ ایک سوال کا جواب دے رہے تھے جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ 2000ء میں اسوقت کی این ڈی اے حکومت کی جانب سے کسی بھی وزیر کی سرکاری رہائش گاہ کے بنگلہ کو چرن سنگھ کی یادگار میں کیونکر تبدیل کیا جاسکتا ہے؟ بات صرف اجیت سنگھ کی نہیں ہے بلکہ اصول و ضوابط کی ہے۔ دریں اثناء وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہاکہ اجیت سنگھ ان کے اچھے دوست ہیں۔