چدمبرم کی وزارت فینانس سے جذباتی وداعی

نئی دہلی 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج وزارت فینانس کو جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے الوداع کہا۔ جہاں وہ 3 میعادوں تک برسرکار رہ چکے ہیں۔ اُنھوں نے تیقن دیا کہ وہ عوامی زندگی میں سرگرم رہیں گے۔ 68 سالہ چدمبرم کو 9 مرکزی بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ تاہم وہ مرار جی دیسائی کا 10 بجٹ پیش کرنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے۔ 1966 ء سے اُنھوں نے کہاکہ وہ روزانہ 16 گھنٹے کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ آپ مجھے اب عوامی زندگی میں زیادہ دیکھیں گے۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی آئندہ حکومت کی اگزٹ پولس میں پیش قیاسی کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ رائے شماری کل مقرر ہے۔ چدمبرم سے برسوں قریب رہنے والے ایک سرکاری عہدیدار نے نارتھ بلاک کے اُن کے دفتر میں اُن کو جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے الوداع کہا۔ اگسٹ 2012 ء میں پہلی بار چدمبرم دوبارہ وزیر فینانس مقرر کئے گئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس بار وزارت کا کام سنبھالنا ایک مشکل کام ثابت ہوا۔