حیدرآباد 29۔ مارچ (سیاست نیوز ) آندھراپردیش کی چتور پولیس نے لال صندل کی لکڑیوں کی اسمگلر،ماڈل اور ایرہوسٹس سنگیتا چٹرجی کو 14دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔چٹرجی کو کولکتہ میں حراست میں لے لیاگیا تھا۔وہ ،علی پور عدالت کی جانب سے ضمانت کی منظوری کے بعد سے فرار تھی۔عدالت نے گزشتہ سال ا س کو ہدایت دی تھی کہ وہ چتور کی عدالت میں حاضر ہو۔چتور پولیس نے کولکتہ میں تقریبا 15دن کی کوشش کے بعد اسے حراست میں لے لیاتھا ۔اسے کل رات کولکتہ سے چتور لایا گیاتھا۔آج پولیس نے پاکال کے جونیر سیول جج کی قیام گاہ پر چٹرجی کو پیش کیا ۔چتور سے سخت سیکوریٹی کے درمیان اسے جج کی قیام گاہ لایا گیا۔جونیر سیول جج دیویندر نے اسے 14دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں دے دیا۔بعدازاں اسے چتور جیل منتقل کردیا گیا ۔تلگونئے سال اگادی کے موقع پر عدالت کو تعطیل ہونے کے سبب اسے جج کی قیام گاہ پر پیش کیا گیا۔ سنگیتا کے حوالہ معاملات ،لال صندل کی لکڑیوں کی اسمگلنگ کے واقعات میں ملوث ہونے کے چتور پولیس کے پاس اس کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ،سنگیتا چٹرجی کے لال صندل کی لکڑی کے اسمگلرلکشمن کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ لکشمن کی ایما پر ہی اس نے بڑے پیمانے پر لال صندل کی لکڑیوں کی اسمگلنگ کی ہے ۔پولیس نے اس کے گھر کی تلاشی لی جس میں بندوق کا نقلی لائسنس بھی پایا گیا ۔