حیدرآباد۔ 30 اپریل (پی ٹی آئی) چتور فائرنگ واقعہ کی تحقیقات کررہی ایس آئی ٹی نے آج مقام واردات کا معائنہ کیا۔ ایک دن قبل ایس آئی ٹی نے تروپتی اربن پولیس سے 7 اپریل کے واقعہ سے متعلق دستاویزات حاصل کئے تھے۔ ٹیم کے سربراہ روی شنکر اینار آئی پی ایس آفیسر نے بتایا کہ ہم نے حیدرآباد ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق مقامی پولیس سے اس مقدمہ سے متعلق تمام دستاویزات حاصل کرلئے ہیں۔ آج 8 رکنی ٹیم نے اس مقام کا دورہ کیا جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ ٹیم نے ابتدائی مرحلے میں یہ جاننے کی کوشش کی کہ واقعہ کس طرح رونما ہوا۔ ہائیکورٹ نے منگل کو ایس آئی ٹی کو اپنی تحقیقات اندرون 60 یوم مکمل کرنے اور پیشرفت سے عدالت کو واقف کرانے کی ہدایت دی تھی۔