چاول کے حصول کے لیے راشن کارڈ کے ساتھ آدھار کارڈ لازمی

نارائن پیٹ ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : راشن کی دکانات سے صارفین کو اشیائے مایحتاج بشمول ایک روپیہ کیلو چاول کی سربراہی کے لیے راشن کارڈ کے ساتھ آدھار کارڈ کے لزوم لگائے جانے کے سبب صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اگست کے مہینے میں حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے محکمہ سیول سپلائی کی جانب سے 11576 ، کنٹل چاول راشن ڈیلروں کو فراہم کئے گئے تھے مگر اس ماہ بڑی تعداد میں راشن کارڈ دہندوں کی جانب سے آدھار کارڈ فراہم نہ کئے جانے پر اس کوٹہ میں کمی کر کے 9077 کنٹل چاول تک محدود کردیا گیا ہے ۔ یعنی 2499 کنٹل ماہ ستمبر کے مہینہ میں چاول کی کمی کردی گئی ۔ چاول کے ساتھ تور کی دال ، شکر ، گیس کا تیل کے کوٹہ میں بھی کمی واقعہ ہوئی ہے ۔ نارائن پیٹ منڈل میں جملہ 2312 راشن کارڈوں سے 97834 افراد ( صارفین ) استفادہ حاصل کر پارہے ہیں ۔ ان کارڈوں کے ذریعہ ہر ماہ نارائن پیٹ منڈل کے لیے 3913 کنٹل چاول ایک روپیہ فی کیلو کی سربراہی عمل میں لائی جارہی تھی ۔ مگر جاریہ ماہ کوٹہ میں تخفیف کر کے 3126 کنٹل چاول سربراہ کئے جارہے ہیں ۔ 19835 صارفین سے متعلقہ 793 کنٹل چاول کی سربراہی آدھار کارڈ نہ ہونے کے سبب روک دی گئی ہے ۔۔