چاند رات کو ہجوم و تجارتی علاقوں میں شٹی ٹیم کی تعیناتی

خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے منچلے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کے اقدامات
حیدرآباد۔3جون(سیاست نیوز)شہر کے بازاروں میں چاند رات کے موقع پر گہما گہمی کے دوران خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے منچلے نوجوانوں سے نمٹنے کے لئے ’’شی ٹیم ‘‘ کو متحرک کردیا گیا ہے اور دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی بازاروں میں جہاں چاند رات کے موقع پر گہما گہمی ہوا کرتی ہے ان بازاروں میں شی ٹیم اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ گذشتہ دو یوم سے چارمینار کے اور پتھر گٹی کے قریب فٹ پاتھ تاجر کی جانب سے خواتین راہگیروںسے چھیڑ چھاڑ کے ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کرنے کے بعد کئے گئے فیصلہ کے مطابق دونوں شہروں کے اہم تجارتی مراکز بالخصوص چارمینار‘ مدینہ بلڈنگ‘ پتھر گٹی ‘ لاڈبازار‘ ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم ‘ کشن باغ ‘ وٹے پلی اور دیگر علاقو ںمیں شی ٹیم کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کے تدارک کو یقینی بنایا جائے۔دونوں شہروں میں بازاروں میں ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض منچلے اور اوباش قسم کے نوجوان بازاروں میں گھومتے ہیں اور کئی مرتبہ ان کی حرکتیں انتہائی واہیات ہوتی ہیں جنہیں روکا جانا از حد ضروری ہوتا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شی ٹیم کے اہلکاروں کے ساتھ سادہ لباس میں ملبوس پولیس کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ اس طرح کے اوباش قسم کے نوجوانو ںکو فوری طور پر حراست میںلیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کی جا سکے ۔ بازاروں میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور خواتین کو نشانہ بناتے ہوئے جملے کسنے کے واقعات کو روکنے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے نہ صرف بازاروں میں آوارہ گردی کرنے والے نوجوانوں پر نظر رکھی جارہی ہے بلکہ ان فٹ پاتھ اور ٹھیلہ بنڈی تاجرین پر بھی نظر رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو سابق میں اس طرح کی حرکات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ دو یوم سے گشت کر رہے ایک ٹھیلہ بنڈ تاجر کے ویڈیو کے بعد سے ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ان تاجرین پر کسی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے اور انہیں ہر طرح کی بے ہودگی کی آزادی حاصل ہے لیکن محکمہ پولیس کی جانب سے اس ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد بازاروں میں شی ٹیم کی تعیناتی کے فیصلہ سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ بازاروں کی صورتحال کیا ہوتی جا رہی ہے اور کس طرح کے حالات کا سامنا بازاروں میں گھومتے ہوئے خریداری کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بازاروں میں شی ٹیم کی تعیناتی کے ذریعہ رومیو مخالف مہم چلائی جائے گی اور اس مہم میں پکڑے جانے والے نوجوانو ںکو جیل بھیجے جانے کی بھی گنجائش موجود ہے۔