چالیس سال سے کم عمر افغانیوں کے عمرہ، حج ویزہ پر پابندی

ریاض۔ 28 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)  سعودی عرب نے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی کرتے ہوئے 40 سال سے کم عمر افغان شہریوں کو عمرہ اور حج کیلئے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سعودی عرب نے عمر کی یہ شرط اس وجہ سے عائد کی ہے کیونکہ ریاض کو خدشہ ہے کہ سعودی عرب آنے والے نوجوان بعدازاں یمن جاکر سعودی عرب کے خلاف سرگرم گروپوں میں شمولیت اختیار کر لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے ان خدشات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔ افغان وزارتِ خارجہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ایک افغان وفد نے ریاض میں سعودی حکام کے ساتھ افغان شہریوں پر عائد کی جانے والی عمر کی اس شرط کے حوالے سے بات کی۔ دوسری جانب سعودی سفیر کو بھی افغان وزارت خارجہ میں طلب کرکے اس شرط کی وضاحت طلب کی گئی تاہم سعودی سفیر نے اس بارے میں کوئی واضح جواب نہیں دیا۔   افغانستان کی ٹریول ایجنسیوں کو ایک لاکھ 35 ہزار ڈالر کی رقم بطور ضمانت جمع کروا کر سعودی عرب کی وزارتِ حج سے لائسنس لینا پڑتا ہے، جبکہ کسی شخص کے عمرے کے بعد سعودی میں رک جانے یا غائب ہوجانے کی صورت میں ٹریول ایجنسی کو جرمانے کے طور 25 ہزار ریال کا جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے، جسے سعودی حکومت ضمانت کی رقم میں سے کاٹ لیتی ہے۔ افغانستان سے ہر سال 24 ہزار افراد حج اور 20ہزار افراد عمرے کی ادائیگی کیلئے جاتے ہیں ۔