چاقو کی نوک پر مکان سے زیورات کا سرقہ

حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سعید آباد کے علاقہ میں دن دھاڑے نامعلوم سارقوں نے چاقو کی نوک پر ایک مکان سے طلائی زیورات کو لوٹ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دن کے 11-30 بجے گرین پارک کالونی روڈ نمبر 4 سعید آباد کالونی میں یہ واردات پیش آئی ۔ انسپکٹر سعید آباد مسٹر سرینواس نے بتایا کہ شیام راو دیشمک کے مکان میں داخل ہو کر نامعلوم افراد نے ان کی بیوی اور بہو سے تقریبا ساڑھے 15 تولے کے طلائی زیورات کو لوٹ لیا گیا ۔ چار افراد جو کیٹرنگ کا آرڈر دینے آئے تھے ۔ مکان میں خواتین کو اکیلا پاکر سازش پر عمل کیا ۔ شیام راو دیشمک اور اس کا بیٹا کیٹرنگ اور ٹائیلس کا کاروبار کرتے ہیں ۔ ان کے مکان میں دو خواتین تنہا تھیں ۔ چار افراد مکان پہونچے اور 31 دسمبر کو آرڈر کی بات کہی ۔ تاہم شیام راؤ دیشمک کی بیوی رجنی دیشمک نے انہیں یہ کہتے ہوئے روانہ کردیا کہ مکان میں مرد افراد کوئی نہیں ہے ۔ ان چاروں نے دیشمک کا فون نمبر لے لیا اور چلے گئے ۔ تاہم 5 منٹ بعد پھر وہ واپس آئے ۔ اور مکان میں داخل ہو کر پہلی منزل پر واقع باورچی خانے میں مصروف دونوں ساس اور بہو کو دھمکایا اور طلائی زیورات لے کر فرار ہوگئے ۔ پولیس سعید آباد نے سارقوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔۔