حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز)سائبر آباد پولیس نے راجندر نگر واقعہ میں مشتبہ شخص کا خاکہ جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ 2ستمبر کے دن قسمت پورہ علاقہ میں جبراً داخل ہوکر دو نا معلوم افراد نے ایک خاتون سے طلائی زیورات اور نقد رقم چھین لی تھی ۔ یہ لوٹ مار چاقو کی نوٹ پر کی گئی تھی تاہم مالک مکان کی مزاحمت اور جوابی حملہ میں ایک سارق بھی زخمی ہوگیا تھا۔ سائبر آباد کی کرائم پولیس نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیاہے اور مشتبہ شخص کا خاکہ جاری کیا ہے۔ 38 سالہ پون کمار سنگھ کے مکان میں سرقہ بالجبر کا واقعہ پیش آیا تھا۔ پیشہ سے چارٹیڈ اکاونٹنٹ پی کے سنگھ ایک خیراتی ادارے کیلئے سکریٹری کی خدمات انجام دیتا ہے جو این آر آئی ٹاون شپ قسمت پورہ میں رہتا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس جانکی شرملیا نے یہ خاکہ جاری کیا۔