سدی پیٹ میں یوم آزدی تقریب سے ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ ۔ 15 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جئے شنکر میدان سدی پیٹ میں جشن آزادی کی رنگارنگ تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ریاستی وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے 72 ویں یوم آزادی کا ترنگا پرچم لہرایا ۔اس موقع پر انھوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کی صحت کیلئے اولین ترجیح دی جائے گی ۔ انھوں نے ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کیلئے کئے جارہے فلاح و بہبود کاموں کا ذکر کیا اور حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ وہیں عوام سے ان اسکیمات سے مستفید ہونے کی خواہش کی ۔ ہریش راؤ نے کالیشورم پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کالیشورم ایشیاء کا سب سے بڑا پراجکٹ ہے اور بہت ہی جلد تلنگانہ ریاست کے کسانوں کو زرعی آبپاشی کیلئے معنون کیا جائیگا ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے چار سالہ مدت میں ہی ریاست کی معیشت مضبوط ہوچکی ہے جو ملک بھر میں ایک مثال ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ سدی پیٹ میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج کا کام بہت جلد پایۂ تکمیل کو پہونچ جائیگا ۔ اس پروگرام میں ایل ایم سی فاروق حسین ، ایم ایل اے رام لنگاریڈی ، جوائنٹ کلکٹر پربھاکر ، پولیس کمشنر جوئیل ڈیویس ، صدرنشین بلدیہ راج نرسو اور اعلیٰ عہدیدار و سیاسی قائدین موجود تھے ۔ پرچم کشائی کے بعد ہریش راؤ نے پولیس پریڈ کی سلامی لی ۔ اس پروگرام میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو نمایاں کارکردگی پر ریاستی وزیر ہریش راؤ کی ہاتھوں سند اور شال پوشی کی گئی ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ نے اپنی رہائش گاہ پر بھی پارٹی کارکنوں کے ساتھ یوم آزادی تقریب منائی اور پرچم کشائی انجام دی ۔