حیدرآباد 2 اگسٹ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں ایک چار سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے پانچ افراد کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ یاچارم پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر جے مدن موہن ریڈی نے کہاکہ ضلع نلگنڈہ کے دیور کنڈہ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اپنی نومولود کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس جوڑے کی یہ تیسری بیٹی تھی۔ لڑکی کے ماں باپ نے اپنی بیٹی کو بیچنے کے لئے ایک دور کی رشتہ دار شکھری سے ربط پیدا کیا تھا۔ تاہم اس لڑکی کو خریدنے والے ایک جوڑے نے جس کا تعلق وشاکھاپٹنم سے ہے کہاکہ ماں باپ نے اپنی بیٹی کے عوض 50,000 روپئے دینے کا مطالبہ کیا تھا اور اُنھوں نے یہ رقم ادا کی تھی۔ اس رقم کے منجملہ لڑکی کی فروخت میں درمیانی آدمیوں کا رول ادا کرنے والے افراد نے ماں باپ کو 10,000 روپئے ادا کیا۔ اس معاملت کی اطلاع ملتے ہی پولیس چوکس ہوگئی اور کل رات پانچ افراد کو پکڑ لیا۔ جن میں دو دلال عورتیں شکھری اور سنیتا بھی شامل ہیں۔ لڑکی کو ان کے قبضہ سے برآمد کرلیا گیا۔