نئی دہلی ۔ 23ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مدھیہ پردیش ‘ چھتیس گڑھ ‘ راجستھان اور میزورم میں انتخابات سے متعلق سرگرمیوں جیسے فہرست رائے دہندگان کی تنقیح وغیرہ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان چار ریاستوں میں رواں سال کے اوآخر انتخابات منعقد ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن متعلقہ ریاستوں کے چیف الکٹورل آفسران کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی ‘ پولنگ اسٹیشنوں کا جائزہ اور الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو محفوظ رکھنے کے انتظامات وغیرہ جیسی انتخابات سے متعلق سرگرمیوں کی تفصیلی ضابطہ تنقیح کی جائے گی ۔ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ دوسری باتوں کے علاوہ منظم انداز میں ووٹرس کی رہنمائی ‘ رائے دہی میں حصہ لینے کی ترغیب ‘ بوتھ سطح کے افسران کی تربیت کی باضابطہ تنقیح کی جائے گی ۔ مرکزی الیکشن کمیشن کی یہ آڈٹ ٹیمیں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراجات سے متعلق اُمور و انتظامات کا بغور جائزہ لیں گے ۔