چارٹرڈ اکاونٹنٹ کا طالب علم گرفتار،پرتعیش زندگی کے لیے سونا ہڑپ لینے اور حوالہ کاروبار کا شاخسانہ

حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹس کے ذریعہ شاطرانہ انداز میں سونا ہڑپ لینے کی دھوکہ دہی میں ملوث ایک طالبعلم اور دو حوالے کے کاروباریوں کو پولیس کاچی گوڑہ نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ پنکچ کمار اگروال متوطن اڈیشہ جو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے سال آخر کی تعلیم حاصل کررہا ہے اور وہ پرتعیش زندگی گزارنے کا عادی ہے ۔ پنکچ کمار اگروال سابق میں احمد آباد ، ناگپور ، بنگلور ، پونا اور دیگر شہروں میں مقیم تھا جہاں پر اس کی ملاقات حوالہ کے کاروباری بھائی لال بائی اور مہیول کمار پٹیل سے ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ دھوکے باز فیس بک کے ذریعہ اپنے نشانہ کو تلاش کیا کرتے تھے اور سونے کے بسکٹس کم دام پر فروخت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا کرتے تھے ۔ سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائیٹ کے ذریعہ اصلی سونے کے بسکٹس کے تصاویر دکھاکر کم دام میں سونا فروخت کرنے اور معقول کمیشن بھی فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث ہورہے ہیں ۔ پولیس نے مذکورہ تین دھوکے بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 10 لاکھ مالیتی اشیاء بشمول موبائیل فون ، لیپ ٹاپ ، گاڑیاں وغیرہ برآمد کرلیا ۔ اس کیس میں مزید دو دھوکے بازوں کی تلاش جاری ہے ۔