چارمینار کو آلودگی سے بچانے الکٹرانک آٹو چلانے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تاریخی چارمینار کو آلودگی سے پاک بنانے کے لیے تجربہ کے طور پر ساوچھ آٹو ( الکٹرانک آٹو ) کو چارمینار کے پاس چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تجربہ کامیاب ہونے پر اس کو سارے شہر میں متعارف کرایا جائے گا ۔ نئے نئے اسکیمات متعارف کراتے ہوئے قومی سطح پر منفرد مقام حاصل کرنے والی جی ایچ ایم سی چارمینار کو گولڈن ٹمپل کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کررہا ہے ۔ اس کے علاوہ چارمینار کے اطراف و اکناف کچرے کی نکاسی کرنے والے آٹوز کو بھی الکٹرانک آٹوز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں دو آٹو خریدنے کا آڈر دیا گیا ہے ۔ ساوچھ پروگرام پر عمل آوری کے لیے سی ایس آر کے تحت وصول ہوئے 8.20 لاکھ روپئے سے 2 الکٹرک آٹو خریدے جارہے ہیں ۔ گائم موٹر ورکس یہ آٹو تیار کررہا ہے ۔ پائیلٹ پراجکٹ کے لیے تیار کئے گئے الکٹرک آٹوز کا کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے جائزہ لیتے ہوئے چند تبدیلیاں کرنے کے مشورے دئیے ۔ کچرا منتقل کرنے والے آٹوز کو ہوا سے کچرا گرنے سے بچانے کے لیے اوپر کوور لگانے پر زور دیا ۔ ان آٹوز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اس کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے سارے شہر میں اس کو توسیع دی جائے گی ۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ الکٹرک آٹوز کو کچرے کی نکاسی کے لیے استعمال کرنے پر آلودگی گھٹ جاتی ہے ۔ مصارف بھی کم ہوتے ہیں ۔ ڈیزل کے آٹو استعمال کرنے پر ایک کیلو میٹر کے لیے 3 روپئے کے مصارف ہیں جب الکٹرک آٹو ایک کیلو میٹر کے سفر پر 50 پیسے کے ہی مصارف ہورہے ہیں ۔ ایک مرتبہ بیاٹری چارج کرنے پر 100 کیلو میٹر تک سفر کیا جاسکتا ہے ۔ 6 گھنٹوں تک بیاٹری مکمل چارج رہے گی ۔ فاسٹ چارجرس کا استعمال کرنے پر تین گھنٹوں میں دوبارہ چارج ہوجائے گی ۔ یہ آٹو فی گھنٹہ 40-45 کیلو میٹر کی رفتار سے دوڑتے ہیں ۔۔