چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کا آغاز

حصول جائیداد کے لیے مالکین سے بات چیت کی تجویز ، جی ایچ ایم سی کلکٹر کے احکامات کا منتظر
حیدرآباد۔30جون(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کا آغاز ماہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں کردیا جائے گا اور اس پراجکٹ کے سلسلہ میں جن جائیدادوں کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ہے ان جائیدادوں کے مالکین سے قطعی اجلاس اسی ہفتہ منعقد کرتے ہوئے انہیں تخلیہ کیلئے قطعی مہلت دیدی جائے گی تاکہ تعمیری و ترقیاتی کا موں میں تیزی لائی جا سکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کے سلسلہ میں اب بلدیہ کو صرف ضلع کلکٹر کی جانب سے حصول جائیداد کے احکامات کا انتظار ہے کیونکہ ان احکامات کی اجرائی اور جائیدادوں کے حصول کے فوری بعد نئی سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کردیاجائے گا اور سڑک کی تعمیر کے مکمل ہوتے ہی چارمینار تک پہنچنے والے تمام راستوں کو مفقود کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ابتداء میں جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے لاڈ بازار میں فرش اندازی کے کاموں کی تکمیل کے فوری بعد چارمینار سے مکہ مسجد والی اہم سڑک پر فرش اندازی کے کاموں کے آغاز کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اس منصوبہ میں معمولی تبدیلی لاتے ہوئے اس مرحلہ کو آخر میں انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ اس مرحلہ کی انجام دہی کیلئے جو راستہ مفقود کرنا پڑے گا وہ انتہائی اہم راستہ ہے اسی لئے اس راستہ کو مفقود کرنے سے قبل متبادل راہ کا جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس متبادل راستہ کو شروع کردیا جائے گا تاکہ اس راستہ کے آغاز کے بعد چارمینار کے اطراف کئے جانے والے ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کو ئی رکاوٹ نہ پیدا ہو اور نہ ہی کوئی اس پر اعتراض کرسکے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ حصول جائیداد کے اعلامیہ کی اجرائی اور جو جائیدادیں حاصل کرنے کی نشاندہی کی جا رہی ہے اسے مکمل کئے جانے کے بعد چارمینار کے اطراف کا علاقہ پیدل راہروو ںکے لئے ہو جائے گا اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد ہی اس پراجکٹ کو عوام کیلئے مکمل طور پر کھولا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ چارمینارپیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے لئے اطراف موجود ٹھیلہ بنڈی رانوں کو بھی چند یوم کیلئے دیگر مقامات پر منتقل کیا جائے گا کیونکہ چارمینار کے دامن میں سر سبز و شاداب ہریالی اور پودے لگائے جائیں گے اور اس دوران اطراف کے علاقہ کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا اسی لئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو بھی کچھ یوم کیلئے منتقل کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر کے ذرائع کے مطابق 5یا 6جولائی کو جائیداد مالکین کے ہمراہ قطعی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے منصوبہ اور قطعی مہلت کے علاوہ تخلیہ کے متعلق مذاکرات کئے جائیں گے اوراندرون 3یوم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انہیں حصول جائیداد کے رقومات کی ادائیگی عمل میں لاتے ہوئے جائیدادیں حاصل کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے حوالے کر دی جائے گی تاکہ سڑک کے تعمیری کاموں کیلئے جائیدادوں کے انہدام کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔