چارمینارکے قریب ٹھیلہ بنڈی رانوں میں جھگڑا ‘ دو زخمی

حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار جو شہر کا سب سے بڑا سیاحتی مرکز ہے ہفتہ کی شام اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب مقامی ٹھیلہ بنڈی تاجرین آپس میں جھگڑا کرلئے ۔ تفصیلات کے بموجب بارکس کے ساکن سید بن احمد سعدی ، صدام بن سعدی اور ماموں بن سعدی جو فراشا ہوٹل کے روبرو خواتین کی مصنوعی جویلری کا کاروبار چلاتے ہیں اپنے سابقہ ملازم سلیم اور اظہر پر اچانک حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سلیم نے سعدی برادران کے پاس ملازمت چھوڑ کر اپنا علحدہ کاروبار اظہر کے ساتھ شروع کیا تھا اور اسی علاقہ میں ایک اور ٹھیلہ بنڈی لگایا تھا ۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے سعید سعدی اور سلیم کے درمیان کاروبار کو لیکر تنازعہ چل رہا تھا ۔ ہفتہ کی شام سلیم نے اپنی ٹھیلہ بنڈی پر ایک پردہ نصب کیا تھا جس پر اعتراض کرتے ہوئے سعدی نے اسے فوری نکالدینے کیلئے کہا ۔ اس مسئلہ پر سلیم اور سعدی برادران کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی جس کے نتیجہ میں اپنے سابقہ ملازم پر سعید ، صدام اور ماموں سعدی نے لکڑیوں سے وار کردیا ۔ اس واقعہ میں سلیم اور اظہر زخمی ہوگئے اور اس جھگڑے کی اطلاع ملنے پر حسینی علم پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر حالات میں قابو میں لایا ۔ سلیم کی شکایت پر سعدی برادران کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔