ملزمین کی پولیس کو تلاش، دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) ہوٹل میں چائے کی عدم سربراہی کے معمولی واقعہ کو لے کر دو نوجوانوں نے ہوٹل مالک کا قتل کردیا۔ یہ واقعہ نارتھ زون کے پاش علاقہ بیگم پیٹ میں آج دوپہر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیگم پیٹ کسٹمز بستی میں واقع نیو ایم جی ہوٹل میں چائے نوشی کے لئے شعیب خان اور شہباز مبینہ طور پر پہونچے اور چائے کا آرڈر تھا۔ چائے کی سربراہی میں ہوٹل ویٹر کی جانب سے تاخیر پر یہ دونوں برہم ہوگئے اور اسے گالی گلوج کرتے ہوئے طمانچہ رسید کیا۔ ہوٹل ملازم کو محض چائے کیلئے زدوکوب کرنے پر ہوٹل مالک جہانگیر برہم ہوگئے اور دونوں نوجوانوں کو باز آجانے کا انتباہ دیا۔ جس پر نوجوان دوبارہ برہم ہوگئے اور وہاں سے چلے گئے۔ لیکن ہوٹل مالک سے انتقام کی غرض سے وہ دوپہر 3 بجے دوبارہ ہوٹل پہونچ کر جہانگیر کا انتظار کیا اور وہ وہاں پہونچنے پر نوجوانوں نے اُن پر مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کردیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی ہوٹل مالک کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ بیگم پیٹ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر مقام واردات کا معائنہ کیا اور دونوں نوجوانوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اُن کی تلاش شروع کردی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر این سدھیر بابو نے بتایا کہ نوجوانوں نے انتقام کی غرض سے جہانگیر کا قتل کیا ہے اور ان دونوں کے درمیان کوئی خصومت نہیں تھی۔ اُنھوں نے بتایا کہ قتل کیس میں اہم پیشرفت ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قتل کی اِس واردات کا سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو دستیاب ہوچکا ہے جو ملزمین کے خلاف اہم ثبوت ہے۔ بیگم پیٹ پولیس نے جہانگیر کی نعش کو گاندھی ہاسپٹل پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کرتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی کی۔