منگولیا سے زیادہ ملک کے کسانوں کو امداد کی ضرورت : کانگریس
نئی دہلی ۔25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے حالیہ دورہ چین کے موقع پر اپنے ہی عوام پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ہندوستان کی توہین کی ہے ۔ اے آئی سی سی میڈیا سیل انچارج پرنیتی شنڈے نے کہا کہ مودی ملک کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے بیرونی ملک جاکر خود اپنے شہریوں پر نکتہ چینی کے ذریعہ ان کی توہین کی ۔ ان کا اشارہ مودی کے شنگھائی میں کئے گئے تبصرہ کی طرف تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستانی شہریوں کو ہندوستان میں پیدا ہونے پر شرمندگی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ جن لوگوں کے بارے میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی پیدائش ایک بدنام ہندوستان میںہوئی ‘ انہوں نے ہی مودی کو وزیراعظم منتخب کیا ہے ۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے چائے والا کو وزیراعظم بنایا ۔ مودی نے کہا تھا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب لوگ یہ محسوس کرتے تھے کہ آخر ہم نے ماضی میں ایسا کیا گناہ کیا جس کی وجہ سے ان کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی ۔ سابق مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کی دختر پرنیتی شنڈے نے کہا کہ ملک یہاں کے عوام سے ترقی کررہاہے ‘ یہ کسی ایک شخص کے مرہون منت نہیں ‘جیسا مودی سمجھ رہے ہیں ۔ انہوں نے منگولیا کو ایک بلین ڈالرس کی رقم دینے مودی کے فیصلہ پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ ایسے وقت جب ہندوستان میں ہی کسانوں کو حکومت کی مدد درکار ہے ‘ مودی دیگر ممالک کو رقم فراہم کررہے ہیں ۔ چینی فرمس کے ہندوستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مودی کے دعویٰ پر اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی جھوٹ کہہ رہے ہیں ‘ کیونکہ چین کبھی ہندوستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا ۔ وہ ہندوستان کو صرف ایک مارکٹ کے طور پر دیکھتا ہے ۔ مرکز میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی سلامتی کی قیمت پر چند آلات کی خریداری کیلئے مقررہ قواعد تبدیل کردیئے ۔ پرنیتی شنڈے نے بی جے پی حکومت کی گذشتہ ایک سال کے دوران متعارف کی گئی نئی اسکیمات کو یو پی اے اسکیمات کی تبدیل شدہ شکل سے تعبیر کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کانگریس کو شکست اس جھوٹ کی وجہ سے ہوئی جن کی بی جے پی نے اچھی مارکیٹنگ کی ۔