ہانگ کانگ ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چین میں منعقدہ سوپر سیریز میں شاندار اور یادگار فتوحات کے بعد ہندوستان کے سرفہرست کھلاڑی کے سریکانت اور سائنا نہوال کی اب تمام تر توجہ 3.50 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کی ہانگ کانگ اوپن سوپر سیریز پر تمام توجہ مرکوز ہوچکی ہے جس کے کوالیفائر مقابلوں کا کل آغاز ہورہا ہے۔ سائنا اور سریکانت نے گذشتہ روز چائنا اوپن سوپرسیریز میں فتوحات حاصل کی ہیں جوکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کے تاریخ ساز مظاہرہ ہیں۔ سائنا نے سیزن کا تیسرا خطاب حاصل کیا جبکہ نوجوان سریکانت اس وقت خبروں کی زینت بنے جب وہ سوپر سیریز ایونٹ میں خطاب حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بنے ہیں۔ چین میں شاندار فتوحات حاصل کرنے کے بعد مذکورہ کھلاڑیوں کو جشن منانے اور آرام کرنے کا زیادہ موقع دستیاب نہیں ہے کیونکہ اب انہیں ہانگ کانگ اوپن سوپر سیریز میں حریف کھلاڑیوں کے چیلنج سے نمٹنا ہے۔ ڈبلیو اے ایس میں یہ پہلا موقع ہیکہ دو ہندوستانی کھلاڑی نہ صرف فائنل تک رسائی حاصل کی ہے بلکہ یہ بھی پہلا موقع ہیکہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے ٹیم میں ٹورنمنٹ کا خطاب اپنے نام کیا ہے اب ٹیم کی تمام تر توجہ ہانگ کانگ اوپن پر مرکوز ہوچکی ہے کیونکہ چین میں حاصل ہونے والی یادگار فتوحات سے ان کے حوصلے کافی بلند ہوئے ہیں اور امیدوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے۔