چائنا اوپن ٹینس ٹورنمنٹ : نڈال کامیاب واپسی کے خواہاں

بیجنگ 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپین کے رافیل نڈال زخمی ہونے کے باعث طویل وقت تک ایکشن سے دور رہنے کے بعد جاریہ ہفتے چائنا اوپن میں کورٹ پر واپسی کر رہے ہیں۔ یہاں وہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کے 100 فیصد ریکارڈ کو چیلنج کرنے کی کوشش کرینگے ۔ نڈال کے سیدھے ہاتھ کی کلائی میں زخم آگیا تھا جس کی وجہ سے وہ ومبلڈن کے بعد کوئی ٹورنمنٹ نہیں کھیل سکے ہیں۔ یہاں گذشتہ سال نڈال نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور اسی کارکردگی کی بنا پر انہیں عالمی سطح پر نمبر ایک موقف حاصل ہوا تھا ۔ سال گذشتہ بھی نڈال اپنے زخم سے صحتیاب ہوکر کورٹ پر واپس ہوئے تھے ۔ نڈال نے گذشتہ سال ہارڈ کورٹ ٹورنمنٹس میں اپنی اجارہ داری دکھائی تھی اور بیجنگ میں وہ فائنل میں داخل ہوگئے تھے ۔ خطابی مقابلہ میں انہیں سربیا کے نواک جوکووچ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ نڈال فی الحال عالمی سطح پر تیسرا نمبر رکھتے ہیں۔ انہیں مسلسل مقابلوں سے دوری کی وجہ سے رینکنگ میں گراوٹ کا سامنا تھا ۔

علاوہ ازیں گذشتہ چار سال سے نواک جوکووچ بیجنگ اوپن میں مسلسل کامیابی حاصل کر رہے ہیں ایسے میں یہاں نوکووچ اور نڈال کے مابین سخت مقابلہ ہوسکتا ہے اور نڈال کو اس کا احساس بھی ہوگا ۔ نڈال نے 2005 میں چائنا اوپن کا خطاب جیتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نواک یہاں مسلسل کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں وہ اچھا مظاہرہ کرتے ہیں۔ سیمی فائنل ہو کہ فائنل وہ کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ وہ دنیا کے چنندہ ماہر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ عموما وہ چین میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اس سال بھی کیا ہوتا ہے دیکھیں گے ۔ نڈال نے کہا کہ وہ اپنے زخم سے صحتیاب ہوگئے ہیں اور وہ اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ اس ٹورنمنٹ سے انہیں حوصلہ مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی وہ ٹریننگ کیلئے جاتے ہیں ابتداء میں ہاتھ میں کچھ تکلیف محسوس ہوتی ہے جو بعد میں کم ہوجاتی ہے ۔ وہ مقابلہ کیلئے بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ اس سال چائنا اوپن میں سوئیٹزر لینڈ کے اسٹار روجر فیڈرر حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ تاہم برطانیہ کے اینڈی مرے کو ٹورنمنٹ میں چھٹی نمبر سیڈ کی حیثیتسے داخلہ مل گیا ہے جس سے یہاں مقابلے دلچسپ ہوسکتے ہیں۔