پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت پر فرقہ وارانہ تقسیم کا عمر عبداللہ کا الزام

جموں ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے آج پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنا چاہتی ہے تاکہ حکومت کے خسارہ اور انتظامیہ کی بے عملی کی جانب سے عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سماج کو فرقہ پرست طاقتوں کے اس نفرت انگیز ایجنڈہ پر عمل آوری کی اجازت نہیں دے گی اور اس کے خلاف مفاہمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر تاریخ کے دو راہے پر ہے۔ داخلی سلامتی پورے علاقہ کی ترقی کو متاثر کررہی ہے اور ریاست جمود کا شکار ہوگئی ہے۔ فرقہ پرست طاقتیں سماج کو تقسیم کرنے کی سازش کررہی ہیں اور آزمودہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خیرسگالی کو متاثر کرنا چاہتی ہیں۔ وہ کالاکوٹ کے راجوری ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔