پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کے ارکان کی آپس میں نکتہ چینی

سرینگر۔ 7 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحاد کی حکومت کو آج اسمبلی میں اپنے ہی ارکان کی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا۔ حکمراں اتحاد کے کئی ارکان نے وزراء کی سنجیدگی کا سوال اٹھایا کیونکہ ان وزراء میں سے کئی وزراء وقفہ صفر کے دوران ایوان میں موجود نہیں تھے۔ پی ڈی پی کے یاور میر نے کہا کہ یہ کونسا ڈرامہ چل رہا ہے جن مسائل کو گزشتہ سیشن (مارچ) میں وقفہ صفر کے دوران اٹھایا گیا تھا، انہیں ہنوز حل نہیں کیا گیا۔ یہاں پر حکومت کا کوئی بھی نمائندہ نہیں ہے جو ان مسائل کی سماعت کرسکے۔ حکمراں اتحاد کے دیگر کئی ارکان اسمبلی نے بھی جن میں بی جے پی کے ارکان بھی تھے، یاور میر کی اس بات کی حمایت کی اور اُٹھ کھڑے ہوئے۔ ریاستی وزیر عبدالمجید بہادر جو ایوان میں موجود تھے، اہم ارکان کو سمجھانے کی کوشش کررہے تھے۔