پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد موقع پرستی : بایاں بازو

نئی دہلی ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی ۔ بی جے پی جموں و کشمیر کی مخلوط حکومت کو واضح موقع پرستی قرار دیتے ہوئے سی پی آئی ایم نے آج انتباہ دیا کہ بی جے پی وزراء اب چیف منسٹر مفتی محمد سعید کو دھمکاتے رہیں گے اور وہ خود کو اپنی ’’جنونی سیاست‘‘ کا قیدی محسوس کریں گے۔ سی پی آئی ایم قائد سیتارام یچوری نے کہا کہ اس اتحاد کے پریشان کن اثرات مرتب ہوں گے اور اس سے ریاست کا اتحاد ختم ہوجائے گا۔ ہندو فرقہ پرست جذبات مستحکم ہوں گے۔ سی پی آئی ایم کے ترجمان پیپلز ڈیموکریسی کے اداریہ میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا اتحاد ایک سہولت کی خاطر شادی نہیں بلکہ علی الاعلان موقع پرستانہ اتحاد ہے۔ دو سیاسی پارٹیاں جن کے سیاسی نظریات ایک دوسرے سے متضاد ہیں، اقتدار کی خاطر متحد ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء جموں و کشمیر کی علاقائی پارٹی جے کے این پی پی نے بھی بی جے پی ۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت کی مذمت کی۔