پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد غیر اصولی

شیاما پرساد مکرجی کے نظریات قربان : نتیش کمار کا رد عمل
پٹنہ 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار مسٹر نتیش کمار نے جموں وکشمیر میں حکومت بنانے بی جے پی ۔ پی ڈی پی کے مابین اتحاد کو غیر اصولی اور موقع پرستانہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کی وجہ سے بی جے پی نے اپنے نظریاتی بانی شیاما پرساد مکرجی کو دوسری مرتبہ نظر انداز کردیا ہے ۔ نتیش کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شیاما پرساد مکرجی نے دفعہ 370 کی مخالفت کی تھی جس سے جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہوتا ہے تاہم بی جے پی نے شیاما پرساد مکرجی کے خیالات سے دوسری مرتبہ اختلاف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیاما پرساد مکرجی نے اس دفعہ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا تھا پی ڈی پی سے اتحاد پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کے دوران پی ڈی پی کو باپ ۔ بیٹی پارٹی قرار دیا تھا اب ان سے اتحاد کرلیا ہے ۔ ایسا کرنا قوم سے کھلواڑ اور ملک کے عوام سے دھوکہ کرنا ہے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کی جانب سے ریاست میں انتخابات کے پرسکون انعقاد کو حریت کانفرنس ‘ پاکستان اور عسکریت پسندوں کا مرہون منت قرار دئے جانے سے متعلق سوال پر نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی کو اس پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے ۔ بی جے پی کے صدر امیت شاہ کی جانب سے بہار میں جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے انضمام کو غیر اخلاقی قرار دئے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا کہنے میں کوئی فہم نہیں ہے ۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی ہنوز این سی پی سے اتحاد کی کوششیں کر رہی ہے جبکہ انتخابات کے دوران وزیر اعظم نے اس جماعت کو فطری کرپٹ جماعت قرار دیا تھا ۔