پونے ۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے حکومت کی تشکیل کو غلطی قرار دینے سے بی جے پی نے انکار کیا ہے۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے تاہم یہ اعتراف کیا کہ بعض مسائل پر مفتی سعید زیر قیادت پارٹی کے ساتھ اختلافات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض مسائل پر اختلافات ہیں اور ہم انہیں حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کو سیاسی غلطی قرار دینے سے انکار کیا۔ وینکیا نائیڈو این ڈی اے حکومت کے گزشتہ ایک سال کے دوران کارناموں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے یہاں آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے متنازعہ اراضی حصولیابی بل کے سماجی اثرات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہر ایک کو قربانی دینا ہوگا۔