پی ڈی پی کی تائید کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا : غلام نبی آزاد

نئی دہلی 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں حکمراں اتحاد سے بی جے پی کی علیحدگی کے بعد کانگریس نے پی ڈی پی کے ساتھ کسی بھی قسم کی مفاہمت سے انکار کردیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے آج یہاں کہاکہ پی ڈی پی سے مفاہمت کرتے ہوئے بی جے پی نے ہمالیائی غلطی کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی ایک قومی جماعت ہے جس کو پی ڈی پی جیسی علاقائی جماعت سے مفاہمت نہیں کرنا چاہئے تھا۔ آزاد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران مزید کہاکہ ’’علاقائی جماعتوں کو آپس میں اتحاد بنانے کے لئے چھوڑ دیا جانا چاہئے‘‘۔ غلام نبی آزاد نے کہاکہ اس اتحاد نے سماجی اور معاشی اعتبار سے ریاست کو تباہ کردیا اور جموں و کشمیر کو بحران و تباہی کی حالت میں پہونچادیا۔