اپوزیشن کی حیثیت سے معمولی باتوں پر سینہ کوبی ، اپنی حکمرانی میں خاموش تماشائی
سری نگر۔31جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں 27 جنوری کو فوج کی فائرنگ میں شدید زخمی ہوئے رئیس احمد گنائی کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سوگواران خصوصاً والدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پارٹی کے ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر شوپیاں میں یہ چوتھی ہلاکت ہے اور متعدد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو طالبات ابھی بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے عام لوگوں پر فائرنگ کے ایسے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئیکہا کہ پی ڈی پی جماعت کشمیریوں کے لئے آستین کا سانپ ثابت ہوئی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرنا اور نوجوانوں کا خون بہانے کے خلاف آواز اُٹھانا بھی پی ڈی پی کو برداشت نہیں ہوتا۔پی ڈی پی وزیر اعلیٰ کو یہ بات گوارا نہیں ہورہی ہے کہ کوئی عام کشمیریوں کے خلاف ہورہے مظالم کو اُجاگر کریں جبکہ اپوزیشن کے دوران موصوفہ چھوٹی سے چھوٹی بات پر سڑکوں پر نکل کر سینہ کوبی کرتی تھی اور مگر مچھ کے آنسو بہاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں سرے سے ہی ناکام ہوگئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بحیثیت یونیفائیڈ کمانڈ سربراہ فوج اور سیکورٹی فورسز پر لگام کسنے اور ایس او پی پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہیں۔