جموں ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج کہاکہ ریاستی عوام نے انہیں ربط پیدا کرنے اور پیشرفت کرنے کا ایک تاریخی موقع فراہم کیا ہے۔ ریاست کے تینوں اضلاع جموں، کشمیر اور لداخ کو مربوط کرنے کا یہ ایک سنہری موقع ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ماضی کو کریدا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک مثبت ایجنڈہ کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے کہ وہ حکمرانی کا نظام تبدیل کردے گی اور ہر ایک کیلئے انصاف یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں عوام کا فیصلہ ایک عظیم موقع ہے جس کے ذریعہ ریاست کے تینوں علاقوں میں باہم اتحاد پیدا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کو نہیں کریدیں گے۔ 2002ء اور 2005ء کے درمیان پیشرفت کی جو کچھ پہل کی گئی تھی، ہم ریاست کو ملک کے ترقی کے نقشہ میں نمایاں مقام دلوا کر رہیں گے۔ وہ انتظامی معتمدین کے اولین اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ مفتی نے کہا کہ ان کی حکومت جلد ہی محکموں کے سربراہوں کو رہنمایانہ ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں ذمہ دار اور جواب دہ بنائے گی تاکہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ عوام کی خدمت کرسکیں۔ اپنی بحیثیت چیف منسٹر سابق میعاد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پار تجارت کیلئے انہوں نے کئی اقدامات کئے تھے جنہیں تاریخی قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم بٹل بہاری واجپائی اور اس دور کر این ڈی اے حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کئی بحالی اعتماد اقدامات کئے تھے تاکہ ریاست میں امن اور استحکام بحال ہوسکے۔