جموں 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر بی جے پی نے آج ادعا کیا ہے کہ اس کی سابقہ حلیف جماعت پی ڈی پی ریاست میں اپنا وقار اور اہمیت کھوچکی ہے ۔ پارٹی نے سابق چیف منسٹر محبوبہ مفتی پر اپنے اقتدار میں خاندانی حکمرانی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا اور پنچایت و مجالس مقامی انتخابات میں مختلف بہانوں سے تاخیر کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان انیل گپتا نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کشمیر کو ایک وقت میں مفتی خاندان کا گڑھ سمجھا جاتا تھا اور یہاں پارٹی کی تائید تھی لیکن اب ان حلقوں میں پارٹی قائدین کا دورہ کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران پارٹی یہاں اپنا مقام اور مرتبہ کھوچکی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ پارٹی دفعہ 35 A کے ذریعہ عوام کا استحصال کرنا چاہتی ہے اور یہاں عوام کے مابین فرقہ وارانہ خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر نوجوان اس پارٹی کی اصل طاقت تھے اور اب یہی نوجوان اس پارٹی کے کٹر مخالف بن گئے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے اور اس سے پارٹی متفکر ہے ۔