پی ڈی پی سے اتحاد کا تجربہ ناکام : بی جے پی

جموں۔ 26 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر انیل جین نے کہا کہ ہم نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ساتھ اتحاد وادی کشمیر میں جنگجوؤں کے خاتمے اور ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کے لئے کیا تھا لیکن جب یہ تجربہ ناکام ہوا تو پارٹی (بی جے پی) نے پی ڈی پی سے اپنی حمایت واپس لے لی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی دفعہ 370ہٹانے کے اپنے موقف پر قائم ہے ۔ انیل جین نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں سال 1975 ء میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی طرف سے ملک بھر میں لگائی گئی ایمرجنسی کی مخالفت میں منائے گئے ’سیو ڈیموکریسی ڈے‘کے حاشئے پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے (ریاست میں) یہ حکومت تینوں خطوں کی یکساں ترقی اور جنگجوؤں کا خاتمہ کرنے کے لئے بنائی تھی۔ وہ تجربہ کامیاب نہیں ہوا۔ اس لئے ہم نے پی ڈی پی سے اپنی حمایت واپس لی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دم حکومت سے الگ نہیں ہوئے ۔ ہم نے پی ڈی پی کو مسلسل وارننگ دی۔ ہمارے منتروں نے ان کو بیچ بیچ میں سمجھایا۔ جب انہوں نے ہماری باتوں پر کان نہیں دھراتو ہم حکومت سے الگ ہوگئے ۔ بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا کہ پارٹی کے سبھی کارکن حکومت سے الگ ہونے کے فیصلے سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جوانوں (فوجیوں) کو باہر نکال کر ان کی لنچنگ کی گئی۔ صحافی مارے گئے ۔ جب پانی سر سے اونچا ہوگیا تو ہمیں اپنی حمایت واپس لینے کا قدم اٹھانا پڑا۔