پی ڈی پی ایم ایل اے مولوی افتخار حسین انصاری کا انتقال

سرینگر ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مشہور شیعہ عالم دین اور جموں و کشمیر اسمبلی میں اپوزیشن پی ڈی پی کے ایم ایل اے مولوی افتخار حسین انصاری طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ شمالی کشمیر کے پٹن حلقہ رائے دہی سے مرحوم مسلسل چار بار ایم ایل اے منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں انصاری صاحب نے داعئی اجل کو لبیک کہا۔ 1960ء کے دہے میں انہوں نے کانگریس کے لیڈر کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ مرحوم کی نیشنل کانفرنس سے بھی مختصر وابستگی رہی اور فاروق عبداللہ کابینہ میں وہ وزیر بھی رہے لیکن 2006ء میں انہوں نے نیشنل کانفرنس سے وابستگی ختم کرتے ہوئے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ اس موقع پر پارٹی وفاداریوں سے قطع نظر تمام پارٹیوں کے لیڈران نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ مرحوم کے مکان پہنچے اور ان کے فرزند کو پرسہ دیتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعا کی۔