پی ڈی پی اور بی جے پی کی عنقریب جموں و کشمیر میں نئی حکومت ؟

جموں ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے اشارے دیئے کہ عنقریب جموں و کشمیر میں مخلوط حکومت تشکیل دینے کا اعلان کیا جائے گا، جیسا کہ دونوں پارٹیوں کے سینئر قائدین کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ڈی پی کے ترجمان نعیم اختر نے کہا کہ ان کے خیال میں اب مزید انتظار کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے تشکیل حکومت کے بارے میں تازہ ترین صورتحال واضح کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منظم مذاکرات میں زیادہ دیر نہیں ہے، ہم ان کے منتظر ہیں۔ اس سوال پر کہ ریاست میں کب منتخبہ حکومت قائم ہوگی، بی جے پی قائد و مرکزی وزیر جیتندر سنگھ نے کہا کہ پارٹی قیادت مسائل پر تبادلہ خیال کررہی ہے۔ وقت بتائے گا کہ ابھی کتنی دیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا جمہوری عمل میں پختہ یقین ہے اور میں عجلت میں کوئی بات نہیں کہنا چاہتا۔

کارروائی میں وقت لگے گا۔ ریاست میں تشکیل حکومت میں تاخیر کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین مناسب سطح پر اس مسئلہ پر تبادلہ خیال اور مباحث کررہے ہیں۔ جن قائدین کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہی اس مسئلہ پر کچھ کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس کئی تنظیمی مسائل کا احاطہ کرتا تھا۔ تشکیل حکومت پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا۔ 7 فروری کو مقرر آئندہ راجیہ سبھا انتخابات موضوع بحث تھے کہ 2 نشستوں پر کامیابی کیسے حاصل کی جائے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے کہا کہ فی الحال ہم نہیں کہہ سکتے کہ تشکیل حکومت کی کارروائی میں کتنی دیر لگے گی۔ ریاست کے عوام ایک مستحکم حکومت چاہتے ہیں۔ آج کے اجلاس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اجلاس ریاست کو مستحکم کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا اور راجیہ سبھا کے دو امیدواروں کی کامیابی کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔