پی پی پی اور پی ایم ایل (این) میں اتحاد ؟

اسلام آباد، 24ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں حال ہی میں ہوئے صدر کے عہدہ اور قومی اسمبلی کے انتخابات میں ایک دوسرے کی سخت مخالف رہیں پاکستان مسلم لیگ (نواز) اور پاکستان پپلز پارٹی (پی پی پی) ضمنی انتخابات میں ہاتھ ملانے کی تیاری کررہی ہیں۔اخبار ڈان کے مطابق اپویشن کے لیڈر اور رکن پارلیمان راجہ ظفر حق کی قیادت میں پی ایم ایل ۔این کے وفد نے پی پی پی کے جنرل سکریٹری نیر حسین بخاری سے اتوار کو ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے دونوں سیاسی جماعتوں کے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ایک ساتھ حکومت کے خلاف کھڑا ہونے کا پارٹی قیادت کا پیغام دیا۔پی ایم ایل این کے وفد میں رکن پارلیمان چودھری تنویر، سابق وزیر طارق فضل اور سابق رکن اسمبلی انجم وکیل شامل تھے ۔پی پی پی کے جنرل سکریٹری سے ملاقات کے بعد مسٹر بخاری نے پیر کواخبار کو بتایا کہ آئندہ مہینہ گیارہ قومی اسمبلی اور 26 اسمبلی نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات میں مشترکہ امیدوار کھڑے کئے جانے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔ ضمنی انتخابات کچھ امیدواروں کے انتقال اور ایک سے زائد نشست سے الیکشن لڑنے کے بعد خالی ہوئی نشستوں کی وجہ سے کرائے جارہے ہیں۔