پی ٹی آئی جھگڑے کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی:قریشی

ملتان۔12 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاست میں جھگڑے کی پالیسی میں یقین نہیں رکھتی اور حکومت کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ کسی کو بھی جیل بھیج دے ۔محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت محض عدالتوں کے فیصلوں پر کاروائی کرتی ہے ۔ڈان کے مطابق جمعہ کو یہاں گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پی پی پی اور پی ایم ایل (این) کی قیادت کے خلاف ایک بھی معاملے میں کاروائی شروع نہیں کی گئی ہے ۔ ملک میں قانون کی بالادستی ہے اور اس میں ہر کوئی برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو جب بھی وزیراعظم عمران خان کوسمن بھیجے گا،وہ اس کے سامنے حاضر ہوں گے ،کچھ عناصر بے بنیاد تشہیر کرکے جنوبی پنجاب میں مشکلات پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ہماری اولیں ترجیح ان ممالک سے تعلقات بہتر بنانے میں ہے جن کے ساتھ سابقہ حکومت میں تعلقات میں کشیدگی در آئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی بہتر خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارے رشتے بہتر ہوئے ہیں۔ ریاض نے اسلام آبا د کو مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔