پی وی سندھو مکاؤ اوپن فائنل میں داخل

مکاؤ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن پی وی سندھو نے خاتون زمرے کے سنگلس کے سیمی فائنل میں ایک آسان کامیابی حاصل کرلی جب کہ نوجوان شٹلر ایچ ایس پرنائے کو بہتر مظاہرہ کے باوجود یہاں مکاؤ گرانڈ پری گولڈ کے سیمی فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ دومرتبہ کی ورلڈ چمپئن شپ براؤنز میڈلسٹ سندھو جن کا تھائی لینڈ کی حریف کھلاڑی بوسانن کے خلاف اس مقابلہ سے قبل فتوحات کا ریکارڈ 4-0تھا اور انہوں نے صدفیصد فتوحات کے ریکارڈ کو برقرار رکھتے ہوئے آج یہاں سیمی فائنل مقابلہ میں 21-14‘ 21-15 کی ایک آسان کامیابی صرف 42منٹ میں حاصل کرلی ۔ دوسری جانب پرنائے نے شاندار مظاہرہ کیا لیکن انہیں ہانگ کانگ کی ونگ کی وانگ کے خلاف 21-16 ‘ 16-21‘ 21-12کی شکست برداشت کرنی پڑی‘ تاہم یہ مقابلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا ۔ مرد زمرے کے سنگلس سیمی فائنل میں وانگ جنہیں رواں ماہ کے اوائل چائنا اوپن میں عالمی چمپئن چن لانگ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن ہندوستانی کھلاڑی کے خلاف انہوں نے کافی شاندار مظاہرہ کیا ۔ مقابلہ کے آغاز پر پرنائے نے شاندار مظاہرہ کیا تھا اور ایک موقع پر وہ سبقت بھی بناچکے تھے لیکن وانگ نے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ میں کامیابی کی بنیاد ڈالی۔