پی سی بی کو جلد بازی نہ کرے میانداد کا مشورہ

اسلام آباد۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ بیٹسمین جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سری لنکا میں ہندوستان کے ساتھ سیریز کی تیاریوں میں جلد بازی نہ کرے کیونکہ پڑوسی ملک کا کوئی بھروسہ نہیں۔ میانداد نے مزید کہا بی سی سی آئی حکام اس معاملے پر مسلسل اپنا موقف تبدیل کرتے آئے ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ دوبارہ پیچھے ہٹ جائیں۔ دونوں بورڈز کے درمیان سری لنکا میں مختصر سیریزکھیلنے پر اتفاق کے بعد پی سی بی نے وزیر اعظم نواز شریف سے اجازت حاصل کر لی ہے تاہم، بی سی سی آئی کو اب تک سرکاری جواب موصول نہیں ہوا۔
فارمولا ون ٹیم کا بغیر ڈرائیور کا منصوبہ ناکام
میونخ ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) مرسڈیز فارمولا ون ٹیم کے صدر ٹوٹو وولف نے بغیر ڈرائیور کے کارریس کروانے کا منصوبہ ختم کردیا۔ٹوٹووولف نے میڈیا کو مطلع کیاہے کہ ہم نے بغیر ڈرائیور کے کارریس کیلئے گاڑی تیار کرلی ہے تاہم بغیر ڈرائیور کے ریس کی بھرپور مخالفت کے باعث ریس کروانے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بھی اس بات کے حامی ہیں کہ بغیر ڈرائیور کے گاڑیوں کی ریس کو کھیل نہیں کہا جاسکتا اورریموٹ کنٹرول سے کار کو کنٹرول کرنے سے ڈرائیور کی مہارت تک نہیں پہنچا جاسکتا اس لئے اس ریس کا انعقاد اب ممکن نہیں رہا۔