کراچی، 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) حالیہ مہینوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی استقلال سے عاری رہی ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو مالا مال کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ نئے سنٹرل کنٹراکٹ کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹسٹ رینکنگ میں تین ٹاپ ٹیموں بشمول ہندوستان کو سیریز میں شکست دیتی ہے تو اسے 250 فیصد ون بونس ملے گا۔ اس سے قبل بڑی ٹیموں کو ہرانے پر بونس دو سو فیصد تھا۔ کھلاڑیوں کو سیریز جیتنے پر ون بونس بھی ملے گا۔ اسپانسر کی لوگو فیس میں بھی 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق نئے کنٹراکٹس میں تمام کٹیگریز میں کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹسٹ میچ کی فیس میں بھی 25 فیصد اضافہ جبکہ ونڈے میچ کی فیس کو 10 فیصد بڑھایا گیا ہے۔ کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافے کے بعد اے کٹیگری کے کھلاڑیوں کو پانچ لاکھ پچاس ہزار، بی کٹیگری کے کھلاڑیوں کو چار لاکھ 81 ہزار اور سی کٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک میچ کی فیس چار لاکھ 12 ہزار روپے کے لگ بھگ حاصل ہو گی۔ ونڈے میں اے کٹیگری والا کھلاڑی تین لاکھ 99 ہزار، بی کٹیگری والا تین لاکھ دو ہزار اور سی کٹیگری والا دو لاکھ 42 ہزار روپے حاصل کرے گا۔ سنٹرل کنٹراکٹ دینے کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان، چیف سلیکٹر معین خان اور محمد اکرم شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی، ان کا فام اور فٹنس کا معیار مدنظر رکھ کر سنٹرل کنٹراکٹ دیا گیاہے۔