کراچی۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خاں نے اشارہ دیا کہ اس عہدہ پر دو سال کی تکمیل پر وہ 20 اگست کو سبکدوش ہوجائیں گے۔ شہریار خاں نے پی ٹی آئی سے آج کہا کہ ’’آپ خیال رکھیں کہ اس عہدہ پر برقرار رہنے یا سبکدوش ہونے کا میں ہنوز کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہوں لیکن سرپرست اعلیٰ نے مجھے دو سال کی میعاد دی تھی جو 20 اگست کو ختم ہوجائے گی‘‘۔ شہریار خاں نے پاکستان کے موجودہ کرکٹ کلچر پر اپنی مایوسی و ناراضگی کے اظہار میں کوئی پس و پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ انتہائی افسوسناک اور مایوس کن امر ہے کہ جب کبھی پاکستانی ٹیم اچھا مظاہرہ نہیں کرتی، بورڈ کے عہدیداروں کو تنقیدی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ورلڈ کپ ٹی 20 میں ناقص مظاہرہ پر دفاعی چمپین سری لنکا کے علاوہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کو ہم سے زیادہ مایوسی کی ضرورت تھی لیکن پاکستان میں ہر بات کیلئے بورڈ کو ہی ذمہ دار ٹھہرایا گیا‘‘۔ شہریار خاں نے کہا کہ وہ پی سی بی چیرمین کے عہدہ کے خواہشمند نہیں ہیں،وہ ایک پُرسکون ریٹائرڈ زندگی گذار رہے تھے اور پی سی بی چیرمین کی حیثیت سے تنخواہ حاصل نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت سفارت کار اپنے کیریئر میں وہ کافی دباؤ برداشت کئے ہیں لیکن عمر کے اس حصہ میں مزید دباؤ برداشت کرنا دشوار ہے۔