کراچی ۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستانی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سزا یافتہ کرکٹرز محمد عامر اور سلمان بٹ کو ساتھ لے جانے کیلئے سرگرم ہو گیا ہے اور دونوں کھلاڑیوں کے ویزوں کے حصول کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سزا یافتہ یا ڈی پورٹ کئے جانے والے فرد کو دوبارہ ویزا نہیں دیا جاسکتا اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے کہ ملکہ برطانیہ سے اجازت حاصل کی جائے اور اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے بات کی جائے گی۔
ملنگا کے مقام پر ٹیلر ممبئی انڈینس میں شامل
نئی دہلی۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن ٹیم ممبئی انڈینز نے زخموں کے شکار سری لنکائی فاسٹ بولر لسیتھ ملنگا کا متبادل تلاش کرلیا ہے۔ فرنچائز کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیروم ٹیلر اب آئی پی ایل کے باقی میچوں کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے لیکن اس کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ وہ معاہدے کے حوالے سے کاغذی کارروائی کب تک مکمل کرتے ہیں۔ جیروم ٹیلر اس سے قبل مختلف ممالک کی نجی لیگز میں شرکت کر چکے ہیں اور انہوں نے آئی پی ایل میں بھی کنگز الیون پنجاب اور سابق پونے فرنچائز کی نمائندگی کی ہے۔