پی سی بی سعید اجمل کو بائیو میکانک ٹسٹ کیلئے روانہ کرنیتیار

کراچی 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اپنے معطل شدہ آف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں بہتری کو دیکھتے ہوئے اِنھیں بائیو میکانک ٹسٹ کے لئے روانہ کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ سعید اجمل جوکہ گزشتہ چند برسوں سے پاکستان کے لئے صف اول کے بولر رہے ہیں، لیکن اِن کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے آئی سی سی نے گزشتہ ماہ اِن پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں شرکت سے محروم ہوچکے ہیں۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سعید اجمل کافی پُراعتماد ہیں اور وہ عنقریب ایک آزادانہ بائیو میکانک ٹسٹ دینے کے لئے تیار ہیں۔ احمد نے مزید کہاکہ ثقلین مشتاق اور اِن کے ساتھ معاون عملہ پر مشتمل ماہرین کی ٹیم سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کی جو محنت کررہی ہے، اُس کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ سعید اجمل اور اِن کی بولنگ کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کررہے ثقلین مشتاق دونوں ہی پُراعتماد ہیں اور آئی سی سی کی جانب سے مقرر کردہ حد 15 ڈگری کے تحت سعید اجمل کی بولنگ ہوجائے گی لیکن ہم نتیجہ حاصل کرنے کے لئے کافی بے چین ہیں۔ احمد نے حالیہ دنوں میں آئی سی سی کی جانب سے بولروں کے خلاف اختیار کئے جانے والے سخت موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ دراصل یہ مسئلہ نومبر میں منعقدہ آئی سی سی کے اجلاس میں اُٹھایا گیا تھا لیکن آئی سی سی نے بنیادی طور پر اپنے ایمپائروں اور میچ ریفریز کو ہدایت دی تھی کہ وہ بولروں کے ایکشن کے متعلق سخت گیر موقف اختیار کریں۔ جوحالات اب دیکھنے میں آرہے ہیں وہ دراصل اِسی اجلاس کا نتیجہ ہے۔