پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈو۔پاک میچزکا معاملہ آئی سی سی میٹنگ میں اٹھانے کا فیصلہ
لاہور ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کا معاملہ آئی سی سی میٹنگ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور شنوائی نہ ہونے کی صورت میں پی سی بی بگ تھری کی حمایت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر سکتا ہے۔ ہندوستان نے بگ تھری کی حمایت کے بدلے پاکستان کو آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے کا سبز باغ دکھایاتھا۔اس معاہدے کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان اس سلسلے کی پہلی سیریز اواخر 2015ء میں کھیلی جانی تھی ، لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے گزشتہ برس سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا اور بی سی سی آئی حکام نے 2016ء میں بھی سیریز کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے یہ معاملہ آئی سی سی کی دبئی میں جاری میٹنگز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان بورڈ اجلاس میں انڈو۔پاک سیریز کا معاملہ اٹھائیں گے اور انصاف نہ ملنے کی صورت میں بگ تھری کی حمایت سے دستبرداری کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ پی سی بی کے پاس دوسرا متبادل ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے رجوع ہونے کا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ سمجھتا ہے کہ بگ تھری کی حمایت کا پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ سب سے بڑا فائدہ انڈو۔پاک سیریز کا تھا جس کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔ آئی سی سی کے چیئر مین ششانک منوہر بھی بگ تھری کی مخالفت کر چکے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بھی بگ تھری کو جمہوری قرار نہیں دیا اور عندیہ دیا تھا کہ وہ آئی سی سی کے اجلاس میں اس بار بات کریں گے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی سی بی جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاسوں میں سخت موقف اپنائے گا۔ اس کے ساتھ یادداشت مفاہمت کے باوجود انڈو ۔پاک باہمی سیریز کے نہ ہونے پر بھی آواز بلند کی جا ئے گی اور آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر مثبت پیش رفت نہ ہو ئی تو مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جا ئے گا۔