کراچی۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پی ایس ایل2019 ٹورنمنٹ کی ٹرافی کی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تقریب رونمائی ہوئی اور کل لیگ کی 2 کامیاب ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ رواں ایونٹ میں پیلی جرسی کو تینوں مقابلوں میں شکست دینے والی سرفراز الیون کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔کراچی میں پاکستان سوپرلیگ سیزن4 کی دو بڑی ٹیموں کے کپتان کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور زلمی کے کپتان نے پریس کانفرنس کی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کی حکمت عملی بنا لی ہے۔ شین واٹسن ہمارے لئے مسئلہ بناہوا ہے لیکن ہمارے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہے، اگلا ایونٹ پاکستان میں ہوگا یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں پی ایس ایل سے لطف اندوزہو رہا ہوں، کل کوئٹہ سے سخت مقابلہ ہوگا فائنل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ فائنل میں پوری تیاری سے میدان میں اتریں گے، شین واٹسن اچھا کھلاڑی ہے وہ اکیلا ہی میچ جتوا سکتا ہے، باونڈری پہلے چھوٹی تھی اب ٹھیک ہے، کل کا میچ پورے جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔